Wednesday, 4 February 2009

’فیس بک‘ پانچ سال کی ہوگئی









’فیس بک‘ پانچ سال کی ہوگئی

وقتِ اشاعت: Wednesday, 04 February, 2009, 10:28 GMT 15:28 PST

فیس بک کی سہولت دنیا کی پینتیس زبانوں میں موجود ہے
انٹرنیٹ پر سماجی تعلقات(سوشل نیٹ ورکنگ) کے حوالے سے مشہور ویب سائٹ’فیس بک‘ بدھ کو اپنی پانچویں سالگرہ منا رہی ہے۔
’فیس بک‘ کا آغاز فروری سنہ 2004 میں امریکی طالبعلم مارک زکربرگ نے کیا تھا اور آج دنیا بھر میں اس کے پندرہ کروڑ صارفین ہیں جن میں سے سّتر فیصد غیر امریکی ہیں۔
مارک زکربرگ اس وقت ہارورڈ یونیورسٹی کے طالبعلم تھے اور انہوں نے یہ سروس اپنے ہاسٹل کے کمرے سے اپنے چند دوستوں کی مدد سے شروع کی تھی اور اس کا مقصد ایک دوسرے کو بہتر طریقے سے جاننے کے سلسلے میں طلباء کی مدد کرنا تھا۔
اس سروس کے آغاز کے چوبیس گھنٹے کے اندر ہارورڈ کے بارہ سو طلباء اس سروس پر رجسٹر ہوگئے تھے اور جلد ہی یہ نیٹ ورک دیگر کالجوں اور یونیورسٹیوں تک پھیل گیا تھا۔
سنہ 2005 کے آخر میں فیس بک کو برطانیہ میں متعارف کروایا گیا اور آج فیس بک کی سہولت دنیا کی پینتیس زبانوں میں موجود ہے جبکہ مزید ساٹھ زبانوں میں اس پر کام ہو رہا ہے۔
’فیس بک‘ کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر مارک زکربرگ نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ ’ آج جب ہم فیس بک کی پانچویں سالگرہ منا رہے ہیں ہم اس کے ارتقاء اور اسے مزید آسان بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ پانچ برس کے دوران اتنی تیزی سے تعمیر کا عمل آسان نہیں تھا اور ابھی یہ سفر تمام بھی نہیں ہوا ہے‘۔
انٹرنیٹ کے سینیئر تجزیہ کار رابرٹ اینڈرل کے مطابق ’ سوشل نیٹ ورکنگ کو آج وہ مقام حاصل نہیں جو کہ اسے مستقبل میں حاصل ہونے والا ہے۔مستقبل میں یہ چیز لوگوں کی زندگی کا ایک اہم ترین جزو بن جائے گی‘۔ان کے مطابق اس وقت فیس بک بنیادی طور پر ایک ایسا معاشرتی نیٹ ورک ہے جس کی تقلید دوسرے سوشل نیٹ ورک کرنا چاہتے ہیں۔

No comments: